28 جولائی ، 2022
سعودی عرب کے شہر مدینہ سے ایرانی شہر گورگان کے لیے ایران ایئر کی پرواز میں اڑان بھرتے ہی ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی مگر پائلٹ نے خطرناک فیصلہ کرتے ہوئے طیارہ واپس اتارنے بجائے ایران کا رخ کیا۔
ہنگامی صورتحال کا شکار ہونے والی ایرانی پرواز کے پائلٹ نے پونے 3 گھنٹے پرواز کے بعد جہاز کو بخیریت گورگان ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایران ایئر کی پرواز آئی آر 1767 نے سعودی عرب کے شہر مدینہ سے 25 جولائی کی رات مقررہ وقت سے سوا گھنٹہ تاخیر سے مقامی وقت کے مطابق رات 11:01 بجے ایران کے صوبہ گلستان کے دارالحکومت گورگان کے لیے ٹیک آف کیا۔
اڑان کے چند منٹ بعد ایئر بس A300B4 طیارہ تیزی سے بلندی پکڑ رہا تھا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے ہنگامی صورتحال "Squawk 7700" کا سگنل موصول ہوا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر طیارے نے مدینہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف واپسی کا رخ کیا لیکن پائلٹ نے طیارہ واپس مدینہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کر انے کے بجائے فضا میں ایک طویل چکر کاٹ کرگورگان ایران کی طرف موڑ لیا۔
مدینہ سے 11:01 پر پرواز بھرنے والے طیارے نے رات 2:20 پر ایران کے گورگان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کیا۔