28 جولائی ، 2022
اداکارہ حرا مانی نے دعا ظہیر سے متعلق بیانات پر دعا کے والدین سے معافی مانگ لی۔
حرا مانی نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعا زہرا کے والدین سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ دو دن پہلے میں نے ایک اسٹوری شیئر کی تھی، اسٹوری میں دعا زہرا اور ظہیر کے حق میں دعا کی گئی تھی، تب تک مجھے ظہیر اور دعا کیس کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا کہ یہ اغوا کا معاملہ ہے اور دعا زہرا بالغ نہیں ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت میں دبئی میں تھی جس دوران میں نے اس کیس سے متعلق کچھ یوٹیوبرز کی ویڈیوز دیکھیں اور ایک نظریہ بنالیا لیکن معافی مانگنے سے کوئی بڑا چھوٹانہیں بن جاتا، میرے بہت سے مداح ہیں کیوں کہ ایک اسٹار مداحوں سے ہی ہوتا ہے اور مداحوں کو ناراض کرنا مجھے نہیں آتا۔
حرا مانی نے کہا کہ میں آپ سب سے معافی مانگتی کیوں کہ میں جانتی ہوں میری وجہ سے آپ کو تکلیف ہوئی ہے، مجھے بھی تکلیف ہوئی ہے، مجھے نہیں پتا تھا کہ دعا زہراکا کیس کیا ہے، مجھے مانی نے بٹھا کر دعا زہرا کا کیس دکھایا اور بتایا تو میں پریشان ہوگئی، کیوں کہ مجھے پتا ہے کہ دعا کے والدین کس کرب سے گزرے ہوں گے، میں بھی ایک بیٹی ہوں اور مجھے پتا ہے کہ میں اگر کبھی پریشان ہوتی تھی یا آج اگر میرے والدین ہوتے تو مجھے پریشان دیکھ کر کتنے پریشان ہوتے۔
معافی مانگنے سے کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا: حرا
اداکارہ نے اپنے بیان سے متعلق اپنے قریبی لوگوں کے ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ میں اس مسئلے پر بات نہیں کروں، دور رہوں لیکن میں آپ سب سے بات کرنا چاہتی ہوں، مجھے میرے قریبی لوگوں نے کہا کہ تمہیں یہ نہیں لکھنا چاہیے تھا کیوں کہ تمہیں اس حوالے سے کچھ نہیں پتا لیکن مجھے لگتا ہے معافی مانگنے میں کوئی مضائقہ نہیں، معافی مانگنے سے کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا، انسان کسی بھی عہدے پر ہو اگر اس نے غلطی کی ہے تو اسے معافی مانگنے میں کوئی شرمندگی نہیں ہونی چاہیے۔
معاملہ کیا تھا؟
دو روز قبل حرا مانی نے ایک انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے دعا اور ظہیر کے لیے دعا کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’میں چاہتی ہوں دعا اور ظہیر کبھی الگ نہ ہوں، اللہ تعالی میری یہ دعا ضرور سنیں گے۔‘
بعد ازاں حرا مانی دعا اور ظہیر کی پسند کی شادی کے حوالے سے دیے گئے بیان پر کڑی تنقید کی زد میں آگئی تھیں۔