28 جولائی ، 2022
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کے تعین کے لیے وفاقی وزرا پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی بنادی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حالیہ بارشوں اورسیلاب سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کے تعین کیلئے وفاقی وزرا کی کمیٹی بنادی جو آئندہ 4 دن کے اندر تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ 4 اگست کو کمیٹی کی سفارشوں کی روشنی میں جامع پلان تشکیل دیا جائےگا۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین اور زخمیوں کی امداد کو 50 ہزار سے بڑھا کر2 لاکھ تک کیا جائے، کچے پکے مکانات کی کیٹیگری ختم کرکے تمام متاثرہ مکانات کے لیے ایک جیسی امداد فراہم کی جائے، جزوی متاثرہ مکانات کی امداد 25 ہزارسے بڑھا کر ڈھائی لاکھ کی جائے جب کہ مکمل طورپرمتاثرہ گھروں کے لیے امداد 50 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ کی جائے۔
وزیراعظم شریف کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومتوں کی بھرپورمعاونت کرے گی، پاکستان ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہم باہمی معاونت سے متاثرہ لوگوں کی مدد کریں گے، ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیاں ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کی حکمتِ عملی پرعملدرآمد یقینی بنائیں، متعلقہ وزارتیں اور ادارے بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں سے مالی معاونت کےحصول کی کوششیں بھی تیزکریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں موجود فنڈ کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت خط لکھے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ کراچی میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ انفرا اسٹرکچر کو بحال کیا جائے گا۔