Time 28 جولائی ، 2022
پاکستان

کراچی میں رات گئے ہونیوالی بارش نے سڑکوں کو پھر تالاب بنادیا

رات گئے ہونے والی بارش سے سندھ اسمبلی کی سڑک پانی میں ڈوب کر ناقابل استعمال ہوگئی/ اسکرین گریب
رات گئے ہونے والی بارش سے سندھ اسمبلی کی سڑک پانی میں ڈوب کر ناقابل استعمال ہوگئی/ اسکرین گریب

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

کراچی میں گارڈن، شارع فیصل، ڈیفنس، یونیورسٹی روڈ، اردو بازار، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن اور دیگر علاقوں میں رات گئے تیز بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر ایک بار پھر پانی کھڑا ہوگیا۔

رات گئے ہونے والی بارش سے سندھ اسمبلی کی سڑک پانی میں ڈوب کر ناقابل استعمال ہوگئی جب کہ سندھ ہائیکورٹ، سندھ سیکرٹریٹ، برنس روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور اردو بازار کی گلیاں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔

اس کےعلاوہ ایم اےجناح روڈپر سیون ڈیز کے سامنے دونوں ٹریک پر پانی جمع ہے جب کہ سول اسپتال کے اطراف بھی پانی جمع ہونے سے اسپتال آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ چند روز تک مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جس کے باعث ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ ہوا کا کم دباؤ شمال مغربی راجستھان اور شمال مشرقی سندھ پرموجود ہے، آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران نواب شاہ، خیرپور، سکھر،لاڑکانہ اور دیگراضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

مزید خبریں :