Time 31 جولائی ، 2022
پاکستان

وزیراعظم کے دورہ بلوچستان کی ویڈیو ایڈٹ کی گئی، مریم اورنگزیب نے اصلی ویڈیو شیئرکردی

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بلوچستان کی ویڈیو ایڈٹ کرکے اس میں آوازیں شامل کی گئیں، یہ سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کرانے والی بشریٰ بی بی کی 'ارسلان بیٹے' کو ہدایت کا تازہ شاہکار ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ علاقے کا  فضائی جائزہ لیتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی تھی۔

اسی دوران ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی جس میں فضائی جائزہ لینے کے دوران وزیراعظم کوکہا جارہا ہے کہ 'سر کیمرہ آن ہے اور آپ کی ویڈیو بن رہی ہے'۔

اب مسلم لیگ ن کی جانب سے اصلی اور ایڈٹ شدہ ویڈیو دونوں ساتھ ملا کر جاری کی گئی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہےکہ ویڈیو کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں ویڈیو کو  ایڈٹ کرنے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنےکا  ذمہ دار پی ٹی آئی سوشل میڈیا ونگ کو قرار دیا ہے۔

مریم اورنگزیب  کا کہنا ہےکہ سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کرانے والی بشریٰ بی بی کی 'ارسلان بیٹے' کو ہدایت کا یہ تازہ شاہکار ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی لاشیں برف کے نیچے پڑی رہیں تو اس وقت  بشریٰ بی بی نے عمران خان کو جانےکی اجازت نہیں دی، انہیں تکلیف ہے شہباز شریف عوام کے پاس کیوں جاتا ہے، ان سے ہمدردی کیوں کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے دورے کی ویڈیو خود میں نے بنا کر میڈیا کو جاری کی، بعد میں جعل سازی سے اس میں آوازیں شامل کی گئیں۔

 اصل ویڈیو ہونےکے باوجود جعلی ویڈیو کی تشہیرکرنے والوں پر تنقیدکرتے ہوئے مریم نے کہا کہ اے آر وائی نیوز  کے پاس بھی اوریجنل ویڈیو موجود ہے، ویڈیو ایف آئی اے سائبر کرائم  ونگ بھجوا دی ہے تاکہ ویڈیو میں آوازیں شامل کرنے والے جعلساز قانون کی گرفت میں آئیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ صحافت اور آزادی اظہار کی آڑ میں جھوٹ پھیلانے اور عمران کی کرپشن سے توجہ ہٹانے  پر اے آر وائی کو  شرم آنی چاہیے، اے آر وائی سچائی اور حقیقت کا ہر لمحے قتل کرتا ہے، اربوں روپے کے غیرقانونی ٹھیکے مل رہے ہوں تو پھر صحافت کے لبادے میں جھوٹ کا پرچار ہی ہوگا۔

مزید خبریں :