31 جولائی ، 2022
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ڈالرکے اوسط ریٹ کا فارمولا اختیار کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ای سی سی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار کے لیے پیٹرولیم ڈویژن کی تجویزکی منظوری دے دی، ای سی سی نے ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کے دیگر آپشنز پر بھی کام کرنے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ ای سی سی نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بھی تجاویز مانگ لیں۔
اجلاس میں ای سی سی نے پی ایس او کے واجبات کے اجراء کی منظوری دی۔ وزارت خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ تیل اور گیس کی سپلائی چین کے تسلسل اور پی ایس او کو ڈیفالٹ سے بچانےکے لیےکیا۔
ای سی سی نے پی ایس او کے لیے 30 ارب روپےکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔ ای سی سی نے ہدایت کی ہےکہ پاور ڈویژن یکم اگست کو 20 ارب اور 4 اگست تک 12.8 ارب روپے ادا کرے۔
ای سی سی نے ایف بی آر سے ایک ہفتے میں 30 ارب روپے کے ٹیکس وصولی کی تجاویز بھی طلب کرلیں۔