دنیا
Time 02 اگست ، 2022

نینسی پلوسی کے تائیوان پہنچنے پر چین کا سخت رد عمل، ایک اور دھمکی دے دی

امریکا بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کیلئے اچھا ثابت نہیں ہوگا: چینی وزارت خارجہ
امریکا بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کیلئے اچھا ثابت نہیں ہوگا: چینی وزارت خارجہ

بیجنگ: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی چین کی جانب سے سخت انتباہ کے باوجود تائیوان پہنچ گئیں۔

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی نے دعویٰ کیا ہے کہ نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان لینڈ کرگیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان پہنچنےکی تصدیق کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اسپیکر ملائیشیا سے تائیوان پہنچی ہیں، اس کے بعد وہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گی۔

چین نے متعدد بار خبردار کیا تھا کہ امریکی اسپیکرکا دورہ تائیوان چین کےاندرونی معاملات میں مداخلت ہوگا۔

چین کا کہنا تھا کہ نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھےگی، چین اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت کےدفاع کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا، امریکی اسپیکر کا دورہ تائیوان خوفناک سیاسی اثرات کا باعث بنےگا۔

اب نینسی پلوسی کے تائیون پہنچنے کے بعد چین کی وزارت خارجہ کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، چین تائیوان میں امریکی نقل وحرکت کو ہرگز برداشت نہیں کرےگا، امریکا بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کیلئے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :