04 اگست ، 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے کامن ویلتھ گیمز میں ویٹ لفٹنگ کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتنے پر نوح دستگیر بٹ کو مبارک باد دی ہے۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ 'ویل ڈن ، بٹ صاحب '۔
واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتا ہے۔
نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن اٹھایا۔
نوح دستگیر بٹ کی اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن کی لفٹس کامن ویلتھ گیمز کی 109+ ویٹ کیٹیگری کی ریکارڈ لفٹس ہیں۔
یاد رہے کہ نوح دستگیر نے 2018 میں بھی پاکستان کیلئے برانز میڈل جیتا تھا جب کہ گزشتہ سال دسمبر میں ہونیوالی کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں انہوں نے سلور میڈل جیتا تھا۔
نوح دستگیر بٹ کا گولڈ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں پاکستان کا صرف دوسرا گولڈ میڈل ہے، اس سے قبل 2006 میں شجاع الدین ملک نے پاکستان کیلئے ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔