کھیل
Time 04 اگست ، 2022

کامن ویلتھ گیمز 2022 میں گولڈ میڈل جیتنے والے نوح دستگیر کی جیونیوز سے خصوصی گفتگو

فوٹو: اسکرین گریب/کامن ویلتھ گیمز
فوٹو: اسکرین گریب/کامن ویلتھ گیمز

کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے  ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ'  میڈل جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں'۔ 

 نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ' اپنے جذبات بیان نہیں کرسکتا ، 7 سال سے اس گیم کو جیتنے کی کوشش کررہا تھا، اتنا وزن اٹھانا آسان نہیں ہوتا، 12 سے 13 سال کی محنت کے بعد یہ کر پایا'۔

ان کا کہنا تھا کہ گھر میں ہی والد صاحب ٹریننگ کراتے ہیں، میرے والد بھی انٹرنیشنل ویٹ لفٹر تھے جبکہ بھائی بھی اس کھیل میں ہے۔ پچھلی بار برانز میڈل لیا تھا مگر اس بار پاکستان کا نام روشن کیا۔

نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ حکومت سے کہنے کی ضرورت نہیں،میں نے اپنا کام کردیا،اب وہ کر کے دکھائیں۔

واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتا ہے۔

نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن اٹھایا۔

نوح دستگیر بٹ کی اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن کی لفٹس کامن ویلتھ گیمز کی 109+ ویٹ کیٹیگری کی ریکارڈ لفٹس ہیں۔

یاد رہے کہ نوح دستگیر نے 2018 میں بھی پاکستان کیلئے برانز میڈل جیتا تھا جب کہ گزشتہ سال دسمبر میں ہونیوالی کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں انہوں نے سلور میڈل جیتا تھا۔

نوح دستگیر بٹ کا گولڈ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں پاکستان کا صرف دوسرا گولڈ میڈل ہے، اس سے قبل 2006 میں شجاع الدین ملک نے پاکستان کیلئے ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

مزید خبریں :