04 اگست ، 2022
سینئر اداکارہ صبا فیصل نے خوبصورت دکھائی دینے کے لیے کاسمیٹک سرجری سمیت دیگر طریقے استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
حال ہی میں صبا فیصل نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں ان سے میزبان ساجد حسن نے سوال کیا کہ کیا آپ بھی جوان نظر آنے کے لیے بوٹوکس اور دیگر سرجریز کرواتی ہیں؟
صبا فیصل نے جواب دیا کہ 'میں جھوٹ کیوں بولوں، نہ میں جھوٹ کہتی ہوں، میں بالکل سرجریز کرواتی ہوں' جس پر ساجد حسن نے حیرانی سے کہا 'لیکن بالکل نہیں لگتا کہ آپ یہ علاج کرواتی ہیں'۔
اداکارہ نے کہا 'یہ ہی سمجھداری ہے اور جو لوگ کہتے ہیں کہ نہیں ہم نہیں کرواتے، میرے خیال میں اس میں کوئی برائی نہیں ہے، عمر کے ساتھ ساتھ بہتر نظر آنے میں کوئی مضائقہ نہیں، آپ کو اچھا نظر آنا چاہیے'۔
صبا فیصل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا 'خوبصورتی کا علاج ایسے کروائیں کہ نہ شکل تبدیل ہو اور نہ آپ کے چہرے کے تاثرات تبدیل ہوں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'خوبصورت نظر آنے کے لیے کاسمیٹک سرجری کروانا ایک نشہ ہے، آپ ایک مرتبہ خود کو شیشے میں دیکھیں گے تو ضرور کہیں گے کہ چہرے کا یہ خدوخال ایسا ہونا چاہیے وغیرہ، تو میں یہ نہیں کرتی'۔
اداکارہ نے کہا 'یہ سرجری غلط بھی ہوسکتی ہے تو میں لاہور میں ایک ہی ڈاکٹر کے پاس جاتی ہوں اور ہر 6 سے 8 ماہ بعد خوبصورتی بڑھانے اور جوان نظر آنے کے لیے سرجری کرواتی ہوں لیکن وہ بہت قدرتی لگتی ہے '۔