دنیا
Time 04 اگست ، 2022

سمندر میں کشتی الٹنے کے بعد پھنس جانے والے شخص کو 16 گھنٹے بعد بچالیا گیا

یہ واقعہ اسپین کے قریب پیش آیا / رائٹرز فوٹو
یہ واقعہ اسپین کے قریب پیش آیا / رائٹرز فوٹو

بحر اوقیانوس میں ایک کشتی الٹ جانے کے بعد پھنس جانے والے 62 سالہ شخص کو  16 گھنٹے بعد بچا لیا گیا۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے الٹ جانے والی کشتی کے اندر رہ کر ائیر ببل کو استعمال کرکے اپنی زندگی کو بچایا۔

40 فٹ کی کشتی یہ شخص اکیلا پرتگال کے دارالحکومت لزبن لے کر جا رہا تھا جب اسپین کے شمال مغرب میں Galicia کے قریب الٹ گئی۔

2 اگست کی رات یہ حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد اس شخص نے مدد کے سگنل بھیجے تھے۔

اس سگنل کے بعد کوسٹ گارڈز نے اس کشتی کو دریافت تو کرلیا مگر اس وقت سمندری لہروں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متاثرہ فرد کو 3 اگست کی صبح تک انتظار کرنا پڑا۔

کوسٹ گارڈز نے اس شخص کے بچنے کو 'کرشمہ' قرار دیا کیونکہ برف جیسے ٹھنڈے پانی میں اتنی دیر تک رہ کر بچنا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے۔

کوسٹ گارڈز نے اس شخص کو بچایا / رائٹرز فوٹو
کوسٹ گارڈز نے اس شخص کو بچایا / رائٹرز فوٹو

ریسکیو جہاز کے ساتھ ساتھ 3 ہیلی کاپٹرز کو اس شخص کو بچانے کے لیے بھیجا گیا۔

اس شخص کا نام اب تک ظاہر نہیں کیا گیا اور اسے بچانے کے بعد ہیلی کاپٹر میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی معائنے کے بعد اسے ڈسچارج کردیا گیا۔

کوسٹ گارڈز کے مطابق کشتی الٹنے کے بعد اس شخص نے ٹھنڈے پانی میں چھلانگ لگا دی تھی اور پھر وہ تیر کر کشتی کے نیچے چلا گیا۔

مزید خبریں :