ہیلی کاپٹر حادثہ: منفی سوشل میڈیا مہم پر فوج میں شدید غم وغصہ اوراضطراب ہے، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی جس پر شہدا کے خاندانوں اور افواج پاکستان کےرینک اینڈ فائل میں شدیدغم وغصہ اوراضطراب ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی لیکن کچھ بےحس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پرتکلیف دہ اورتوہین آمیز مہم جوئی کی گئی، یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدرمملکت پاک فوج کے شہدا کے جنازوں میں شرکت کرنا چاہتے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پرپی ٹی آئی ٹرولرز کے زہریلے، جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے پرصدرمملکت کو فیڈ بیک دیا گیا اور صدرکوبتایاگیا کہ پی ٹی آئی ٹرولرز نے شہدا سے متعلق زہریلا، جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔

کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسی گوٹھ سے ملا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھاکہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی۔

مزید خبریں :