05 اگست ، 2022
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 4 اراکین کو ایوان سے مسلسل غیر حاضر قرار دینے کے معاملے پر تحریک انصاف کے رکن محمد میاں سومرو نے اسپیکر قومی اسمبلی سے معذرت کرلی۔
پی ٹی آئی کے محمد میاں سومرو نے اسپیکر آفس کو معذرت کا خط بھجوادیا اور کہا کہ اپنے حلقے میں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے ایوان میں حاضر نہیں ہوسکا۔
محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ میری ایوان سے پچھلی غیر حاضری پر چھٹی کی درخواست منظور کی جائے، ستمبر کے آخر تک میری ایوان سے چھٹی منظور کی جائے۔
خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے محمد میاں سومرو سمیت تحریک انصاف کے 4 ارکان کو مسلسل غیر حاضر قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ چاروں اراکین کے نہ استعفے ملے اور نہ چھٹی کی درخواست ملی۔
اسپیکر قومی اسمبلی مسلسل غیر حاضر اراکین کی نشست خالی قرار دے سکتے ہیں۔