Time 06 اگست ، 2022
کاروبار

ایف بی آر کا ملک بھر کے100 سے زائد بڑے ریٹیلرز کے خلاف ایکشن کا فیصلہ

بندرگاہوں اور کسٹم اسٹیشنز پر درآمدی کنسائنمنٹ کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے: ایف بی آر۔ فوٹو فائل
 بندرگاہوں اور کسٹم اسٹیشنز پر درآمدی کنسائنمنٹ کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے: ایف بی آر۔ فوٹو فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) نے ملک بھر کے100 سے زائد بڑے ریٹیلرز کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پوائنٹ آف سیل سے غیر منسلک ریٹیلرز کا ان پٹ ٹیکس کلیم ضبط کیا جائے گا، پی او ایس سے منسلک ہونے کے لیے بڑے ریٹیلرز کو 10 اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، 10 اگست تک ریٹیلرز منسلک نہ ہوئے تو ان پٹ ٹیکس کلیم تصور نہیں ہو گا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز کو 60 فیصد تک ان پٹ ٹیکس کلیم کرنے کی اجازت تھی، بڑے ریٹیلرز کو جولائی 2021 سے منسلک ہونے کی ہدایت کی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی او ایس سے غیر منسلک ریٹیلرز کی بڑی تعداد کراچی، لاہور، فیصل آباد کی ہے،  ریٹیلرز کے خلاف نوٹس جاری کر کے کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بندرگاہوں اور کسٹم اسٹیشنز پر درآمدی کنسائنمنٹ کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، کنسائنمنٹ کلیئرنس کے لیے متعلقہ چیف کلیکٹرز سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کنسائنمنٹ کلیئرنس اور درآمدکنندگان کو ریلیف کے لیے اقدام کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ درآمدی کنسائنمنٹ سے متعلق جاری ایس آر او کے بعد کلیئرنس عمل سست ہو گیا تھا، کلیئرنس کا عمل سست ہونے کے باعث کنٹینرز پر اضافی چارجز عائد ہو گئے تھے تاہم اب چیف کلیکٹرز کو اضافی چارجز ختم اور کنسائنمنٹ کو فوری کلیئر کرانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مزید خبریں :