عمران کی گرفتاری یا پی ٹی آئی توڑنے کی منصوبہ بندی سے خونی سیاست کا آغاز ہو گا: شیخ رشید

معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام، بھتہ خوری اور دہشتگردی کا آغاز ان کی سیاست کو دفن کر دے گا: سربراہ عوامی مسلم لیگ۔ فوٹو فائل
معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام، بھتہ خوری اور دہشتگردی کا آغاز ان کی سیاست کو دفن کر دے گا: سربراہ عوامی مسلم لیگ۔ فوٹو فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے موجودہ وفاقی حکومت کو ایک بار  پھر خبردار کیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنا یا پی ٹی آئی کو توڑنے کی منصوبہ بندی کرنا ملک میں خونی سیاست کا آغاز ہوگا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ملکی سیاست اور اقتدار سے زیادہ ملک کی سلامتی اہم ہے، افغانستان کا عدم استحکام پاکستان پر بھی اثرانداز ہو گا، بھتہ اور خودکش حملے شروع ہو گئے ہیں، حکومتی خواہشوں سے من پسند خبریں نہیں بن سکتیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام، بھتہ خوری اور دہشتگردی کا آغاز ان کی سیاست کو دفن کر دے گا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ چین پاکستان کا بھلا سوچ رہا ہے، اس کے اشاروں کو سمجھیں، یوم آزادی کو یوم بربادی نہ بنائیں۔ عمران خان کو گرفتار کرنا یا پی ٹی آئی کو توڑنے کی منصوبہ بندی کرنا خونی سیاست کا آغاز ہو گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دو ووٹوں کی حکومت، 15 اتحادی پارٹیوں کے ساتھ بے لگام ہو رہی ہے، ان کا ناکام ایجنڈا عمران خان کو نااہل اور نواز شریف کو اہل کروانا ہے، بےلگام حکومت کی عقل پر پردہ پڑ چکا ہے۔


مزید خبریں :