Time 10 اگست ، 2022
پاکستان

میاں سومرو کی رخصت کی درخواست مسترد، اسپیکر نے نشست خالی قرار دے دی

ایوان نے مسلسل غیرحاضری پر محمد میاں سومرو کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک کثرت رائے سے منظور کی— فوٹو: فائل
ایوان نے مسلسل غیرحاضری پر محمد میاں سومرو کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک کثرت رائے سے منظور کی— فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد میاں سومرو کی نشست مسلسل غیر حاضری پر خالی قرار دے دی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر نے محمد میاں سومرو کی درخواست کا معاملہ ایوان میں رکھا۔

اسپیکر نے محمد میاں سومرو کی رخصت کی درخواست مسترد کردی اور ان کی نشست مسلسل غیر حاضری پر خالی قرار دے دی اور کہا کہ محمد میاں سومرو نے کوئی درخواست بروقت نہیں دی۔

ان کا کہنا تھاکہ 40 روزکے اندر درخواست نہیں دی گئی، وقت گزرنے پر درخواست دی گئی۔

محمد میاں سومروکی نشست خالی قراردینے کی تحریک پیپلز پارٹی کی رکن شاہدہ رحمانی نے پیش کی۔

تحریک میں کہا گیا تھاکہ محمد میاں سومرو ایوان کے اجلاسوں سے مسلسل 40 دن تک بغیراجازت غیرحاضر رہے اور یہ ایوان دستور کے آرٹیکل 46 کی شق 2 کے تحت محمد میاں سومرو کی نشست خالی قرار دیتا ہے۔

ایوان نے محمد میاں سومرو کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک کثرت رائے سے منظور کی۔

قومی اسمبلی سے تحریک منظورہونےکےبعد پی ٹی آئی کے محمد میاں سومروکی نشست خالی قراردی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں محمد میاں سومرو نے اسپیکر قومی اسمبلی کو رخصت کی درخواست دی تھی اور وہ جیکب آباد کے حلقے این اے 196 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پررکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :