Time 10 اگست ، 2022
پاکستان

لاہور : پی ٹی آئی کا 13 اگست کا جلسہ، ہاکی اسٹیڈیم سے ٹرف اکھاڑنا شروع کردی گئی

رہنما تحریک انصاف اسد عمر اسٹیڈیم میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے جب کہ دوسری طرف اسٹیڈیم سے  ٹرف اکھاڑی جارہی ہے، فوٹو: ٹوئٹر
رہنما تحریک انصاف اسد عمر اسٹیڈیم میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے جب کہ دوسری طرف اسٹیڈیم سے  ٹرف اکھاڑی جارہی ہے، فوٹو: ٹوئٹر

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے جلسے کی تیاری کے لیے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سے آرٹیفیشل ٹرف اکھاڑنا شروع کردی گئی۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی انتظامیہ کے مطابق  آرٹیفیشل ٹرف اکھاڑی جارہی ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو ہاکی اسٹیڈیم میں جلسےکا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب  ڈائریکٹر ایڈمن اسپورٹس بورڈ پنجاب سید عمیر حسن کا کہنا ہےکہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سے ٹرف کو تبدیل کرنےکی سمری تیار ہوچکی ہے، ایک ہفتے تک آسٹرو ٹرف تبدیل کرنے کی سمری ارسال کردی جائے گی۔

سید عمیر حسن کا کہنا ہےکہ  چند ماہ تک ٹرف امپورٹ کرلی جائےگی اور  نئی آسٹرو ٹرف لگائی جائےگی، ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت ضلعی انتظامیہ نے دی، اسپورٹس بورڈ کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔

اس حوالے سے قائم مقام سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر علی کا کہنا ہےکہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پنجاب اسپورٹس بورڈ کی ملکیت ہے، ہاکی میچ کرانےکے لیے بھی اسپورٹس بورڈ سے اجازت درکار ہوتی ہے۔

صوبائی وزیر کھیل تیمور مسعود کا کہنا ہےکہ  ٹرف لاہور سے تبدیل کرکے سرگودھا ہاکی اسٹیڈیم میں بچھائی جائےگی، ٹرف تبدیل کرنےکا فیصلہ گزشتہ حکومت کے دور  میں کیا گیا، نئی ٹرف کے لیے جلد ٹینڈر  دیا جا رہا ہے، انتظامیہ نے تبدیلی کے پیش نظر اسٹیڈیم میں لگی ٹرف اکھاڑ ی۔

یاد رہےکہ پہلے  پی ٹی آئی نے جشن آزادی جلسہ پریڈگراؤنڈ اسلام آباد میں کرنےکا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد میں جلسےکا مقام تبدیل کر دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات ہاکی اسٹیڈیم میں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے، عمران خان خصوصی طور پر جلسے میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

مزید خبریں :