11 اگست ، 2022
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں کا احترام تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر لاگو ہوتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا ملکی سلامتی کے ضامن اداروں کا احترام سب پر لازم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اداروں کا احترام تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر لاگو ہے، سیاستدانوں کو پاک فوج سمیت ساکھ رکھنے والے اداروں کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، لڑائیاں کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ مشرف کی حکومت ختم ہوئے اور رول بیک ہوئے لمبا عرصہ ہو چکا، سیاستدانوں کو یہ لڑائی اپنی حدود میں رکھنی چاہیے، اس لڑائی کو کسی اور کی حدود میں نہیں لے کر جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا دعا ہے کہ حالات سنبھل جائیں کیونکہ خرابی سب کے لیے مسائل پیدا کرے گی، ملک میں سیاسی استحکام آنا چاہیے تاکہ اقتصادی استحکام بھی آئے۔
شہباز گل کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا قانون کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق نمٹیں گے، سنا ہے شہباز گل نے کل کہا ہے کہ فوج میری جان ہے، اگر ایسا کہا ہے تو اچھا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا سوات میں طالبان کی موجودگی کی اطلاعات کو دیکھ رہے ہیں، ہم افغان حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔