Time 11 اگست ، 2022
پاکستان

فوج سے متعلق بیان: شہباز گل کا تفتیش میں مزید ناموں کا انکشاف،گرفتاریوں کا امکان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے دوران تفتیش مزید ناموں کا انکشاف کردیا۔

پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہےکہ شہباز گل نے تفتیش میں مزید ناموں کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی چینل اور شہباز گل کے بیان سے متعلقہ افراد کو گرفتار کیے  جانے کا امکان ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ اب تک 4  افراد پر نظر ہے،کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے، شہباز گل کی کل عدالت پیشی پر مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائےگی۔

اس سے قبل پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہباز گل نے دوران تفتیش پولیس کے سامنے پاک فوج سے متعلق بیان دینے کا اعتراف کرلیا ہے۔

پولیس کو دیےگئے بیان میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ میرےخیال میں، میں نے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر یہ بیان نہیں دیا، بیان سوچ سمجھ کر دیا ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ منگل کو پولیس نے شہباز گل کو بغاوت کے مقدمے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں شہباز گل کے خلاف سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں بغاوت کا مقدمہ درج ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہبازگل نے ٹی وی چینل پر الفاظ ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک ایجنڈے کی تکمیل کے لیےکہے، شہباز گل کے بیان اور تقریر کا مقصد فوج میں بغاوت پھیلانا اور سازش کرنا تھا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بیان اور تقریر کا مقصد عوام میں فوج کےخلاف نفرت پھیلانا اورسازش کرنا تھا، شہباز گل نے کوشش کی فوج کے مختلف گروہ بن جائیں، ان کا مقصد فوجی جوانوں کو اپنے افسران کا حکم نہ ماننے کی ترغیب دینا تھا، شہباز گل نے ملک میں انتشار پھیلانے اور فوج کو کمزور اور تقسیم کرنے کیلئے بیان دیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہباز گل نے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے بیان دیا اور ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل کرتے ہوئے مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا۔

مزید خبریں :