11 اگست ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ اور بچی کے حوالے سے نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا بیان سامنے آگیا۔
ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میری اطلاعات کےمطابق بچی ماں کے ساتھ نہیں، بچی کی ماں کو بھی رہا کر دینا چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے رانا صاحب (وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ) سے بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کےساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے، ہمارے ساتھ زیادتی کرنے والوں کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔
خیال رہےکہ گزشتہ منگل کو پولیس نے شہباز گل کو بغاوت کے مقدمے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتاری کے وقت شہباز گل سے برآمد ہونے والا فون ڈمی تھا، شہباز گل کا اپنا فون ان کا ڈرائیور لےگیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ شہبازگل کی نشاندہی پر موبائل فون برآمدگی کے لیے ڈرائیور کےگھرپولیس گئی تھی، ڈرائیور کے اہلخانہ نے مزاحمت کی جس پر اہلخانہ کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے شہبازگل کے ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کرلیا ہے، جن کی ضمانت کے لیے بھی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔