شہباز گل پر مبینہ تشدد، عمران خان کا ردعمل سامنے آ گیا

عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے اپنی قمیض اٹھا کر دعویٰ کیا تھا کہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو فائل
عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے اپنی قمیض اٹھا کر دعویٰ کیا تھا کہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل پر دوران حراست مبینہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے کے بعد آج جوڈیشل مجسٹریٹ عمر بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے اپنی قمیض اٹھا کر دکھائی اور دعویٰ کیا کہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور رات بھر جگائے رکھا گیا، میڈیکل بھی نہیں کرایا گیا اور وکیل سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔

اس معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔

عمران خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ شہباز گل پر ہونے والے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے پوچھا کہ کس قانون کے تحت اور کس کے کہنے پر ایسا کیا جا رہا ہے؟ اگر شہباز گل نے کوئی قانون توڑا ہے تو اسے صفائی کا پورا موقع ملنا چاہیے۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ لیکن امپورٹڈ غلام حکومت کے لیے بلا خوف آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ عدالت نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :