12 اگست ، 2022
امریکا نے سندھ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔
اس سلسلے میں کراچی میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور کہا کہ امریکی عوام اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے خصوصی گرانٹ پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔
ڈونلڈ بلوم نے مراد علی شاہ کو بتایا کہ مالی امداد یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی جانب سے فراہم کی گئی ہے جو سندھ کے سیلاب متاثرین کی جلد بحالی میں معاونت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے عوام اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی سفیر کو حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات سے آگاہ کیا اور امریکی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں 155 ملین ڈالر کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان نے توانائی، معیشت، تعلیم و صحت سمیت دیگر اہم مسائل پر 75 سال سے مل کر کام کیا ہے اور باہمی تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔