14 اگست ، 2022
ملٹی وٹامنز کا روزانہ استعمال صحت کے لیے فائدہ مند نہیں ہوتا۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
یو ایس Preventive Services Task Force کی تحقیق میں کہا گیا کہ بیشتر افراد کے لیے تو بہتر یہ ہے کہ پانی سے ملٹی وٹامنز گولیوں کو نگلنے کی بجائے صرف پانی پی لیں۔
تحقیق کے مطابق اس سے پیسوں کی بچت ہوگی جبکہ گمراہ کن مارکیٹنگ اسکیم سے بچنا بھی ممکن ہوجائے گا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے صحت کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا۔
اس تحقیق کے لیے 7 لاکھ افراد پر ہونے والی 84 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا تھا اور وٹامن اور منرلز سپلیمنٹس سے جان لیوا امراض جیسے کینسر، ہارٹ اٹیک اور فالج کی روک تھام میں مدد کے شواہد نہیں ملے۔
اسی طرح یہ سپلیمنٹس جلد موت سے بچانے میں بھی مددگار ثابت نہیں ہوتے۔
محققین نے بتایا کہ نظام ہاضمہ کے مسائل کے شکار افراد کے لیے روزانہ سپلیمنٹس کا استعمال فائدہ مند ہوسکتا ہے۔
اسی طرح سورج کی روشنی میں کم گھومنے والے افراد کے لیے روزانہ وٹامن ڈی سپلیمنٹ کا استعمال فائدہ مند ہوسکتا ہے، مگر اس حوالے سے ڈاکٹر سے مشورہ کیا جانا چاہیے۔
محققین نے کہا کہ اگرچہ ملٹی وٹامنز فائدہ مند نہیں مگر وہ نقصان دہ بھی نہیں، تاہم بہتر ہے کہ لوگ اپنے پیسے صحت بخش غذاؤں پر خرچ کریں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہوئے۔