15 اگست ، 2022
بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی اور ان کے خاندان کو دھمکیاں دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار شخص کا نام افضل ہے جس نے ممبئی میں ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال میں لینڈ لائن نمبر پر کئی فون کالز کیں اور مکیش امبانی اور ان کے خاندان کو دھمکیاں دیں۔
رپورٹس کے مطابق گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب پولیس نے ملزم کی جانب سے کی گئی فون کالز کا نمبر ٹریس کیا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لینے کے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں بھارتی سپریم کورٹ نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکیش امبانی اور ان کا خاندان بھارتی حکومت کی جانب سے دی گئی سکیورٹی کا استعمال جاری رکھے۔