15 اگست ، 2022
سینیئر صحافی حامد میر نے انکشاف کیا ہےکہ ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب پر شہباز گل کو اسلام آباد نہ بھیجنےکے لیے دباؤ ڈالا گیا۔
جیو نیوز کے پروگرام 'کیپٹل ٹاک' کے میزبان حامد میر نے انکشاف کیا ہےکہ ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب پر شہباز گل کو اسلام آباد نہ بھیجنےکے لیے آئی جی پنجاب کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا۔
حامد میرکا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل ہوم سیکرٹری کو فون پرکہا کہ شہباز گل کی مدد کریں، مسٹر ایکس سے آرڈر مت لیں۔
حامد میرکے مطابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب پر بھی شہباز گل کو سہولتیں دینےکے لیے دباؤ ڈالا گیا۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کا بھی کہنا ہےکہ شہباز گل کے طبی معائنےکے معاملے پر پنجاب حکومت کی ہدایت پر اڈیالہ جیل انتظامیہ اسلام آباد پولیس سےتعاون سےگریزاں ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق قانون کے تحت اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کا طبی معائنہ کروانا ہے، بتایا جا رہا ہےکہ شہبازگل طبی معائنےکے لیے اسلام آباد پولیس کے ساتھ جانے کو تیار نہیں۔
خیال رہےکہ شہباز گل کو طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل سے پمز اسلام آباد منتقل کیا جانا ہے۔
آج شہباز گل سے ملاقات کے لیے تحریک انصاف کا وفد اڈیالہ جیل آیا تھا تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جیل انتظامیہ نے شہبازگل سے ملاقات نہیں ہونے دی، شہبازگل کو طبی معائنےکے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، ہمیں خدشہ ہےکہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے حکم پر ہماری ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔