موٹروے ایم 5 پر کراچی آنیوالی سلیپر بس کو حادثہ، 20 مسافر جاں بحق

جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا: ترجمان موٹروے/ فوٹو اے ایف پی
 جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا: ترجمان موٹروے/ فوٹو اے ایف پی

موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی آنے والی سلیپر بس میں ٹینکر سے تصادم کے بعد آگ لگ گئی۔

 آخری اطلاعات تک حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے،حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی۔

 موٹروے حکام کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر ڈائیوو سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔ آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔

ترجمان موٹروے کے مطابق جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔

'پولیس نے ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا'

 ترجمان کے مطابق آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کراسسز سینٹر بنا دیا ہے۔ ہنگامی کارروائی کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد موقع پر موجود تھے۔ موٹروے پولیس نے جلتی بس سے 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا تھا،پولیس نے ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔

'حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی'

لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی۔ سلیپر بس لاہور سے کراچی کیلئے رات 9 بجے روانہ ہوئی۔

کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں دو ڈرائیور سوار تھے۔ تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا۔ بس میں کل 24 مسافر سوار تھے جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :