Time 17 اگست ، 2022
صحت و سائنس

سائنسدان پہلی بار عطیہ کیے گئے گردے کا بلڈ گروپ بدلنے میں کامیاب

کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے یہ کامیابی حاصل کی / فائل فوٹو
کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے یہ کامیابی حاصل کی / فائل فوٹو

سائنسدانوں نے پہلی بار عطیہ کیے گئے گردوں کے خون کے گروپ کو  بدلنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے ایسے 3 گردوں کا بلڈ گروپ بدلنے میں کامیابی حاصل کی جو انتقال کرجانے والے افراد نے عطیہ کیے تھے۔

ماہرین کو توقع ہے کہ اس پیشرفت سے گردوں کے ٹرانسپلانٹ کے لیے سپلائی میں اضافہ ہوسکے گا، بالخصوص ایسے افراد کے لیے جن کے لیے عطیہ کیے گئے گردوں کے میچ ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔

محققین نے اس مقصد کے لیے normothermic perfusion machine نامی ڈیوائس کو انسانی گردوں سے منسلک کیا تاکہ اس عضو میں آکسیجن ملے خون کی گردش یقینی ہونے سے اسے زیادہ عرصے تک محفوظ رکھ جاسکے۔

بعد ازاں خون کو ایک انزائمے کے ساتھ خارج کردیا گیا، یہ انزائمے ایک مالیکیولر قینچی کی طرح کام کرتے ہوئے بلڈ گروپ کا تعین کرنے والے عناصر کو ختم کرکے اسے سب سے عام قسم او ٹائپ میں بدل دیتا ہے۔

اس وقت اے بلڈ گروپ کے حامل فرد کے گردے کو بی بلڈ گروپ والے فرد میں ٹرانسپلانٹ نہیں کیا جاسکتا۔

البتہ خون کے گروپ کو او میں بدلنے سے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا کیونکہ او گروپ یونیورسل سمجھا جاتا ہے جس کو کسی بھی بلڈ گروپ والے فرد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہمارا اعتماد اس وقت بڑھ گیا جب انزائمے کے استعمال سے گردوں میں خون کے گروپ کا تعین کرنے والے اینٹی جینز بہت تیزی سے ختم ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہم جانتے تھے کہ یہ عمل ممکن ہے اور پھر ہم نے انسانی گردوں پر اس کی آزمائش کی۔

اس مقصد کے لیے بی بلڈ گروپ والے گردوں میں انزائمے کو شامل کیا گیا اور چند گھنٹوں میں وہ او گروپ میں بدل گیا۔

اب محققین کی جانب سے یہ دیکھا جائے گا کہ او گروپ میں منتقل کیے جانے والے گردے کسی مریض کے جسم میں کیسے کام کرتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے۔

مزید خبریں :