Time 17 اگست ، 2022
انٹرٹینمنٹ

لوگ مجھے عورتوں کے لباس کے علاوہ قبول ہی نہیں کرتے: علی اصغر

مجھے بھی اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملنا چاہیے، لیکن اب کوئی موقع دینے کو تیار نہیں: اداکار__فوٹو فائل
مجھے بھی اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملنا چاہیے، لیکن اب کوئی موقع دینے کو تیار نہیں: اداکار__فوٹو فائل

معروف بھارتی کامیڈین اور کپل شرما شو میں دادی اور نانی کا کردار ادا کرنے والے علی اصغر نے خود کو پیش آنے والے چیلنجز سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران علی اصغر نے کپل شرما شو چھوڑنے کی وجوہات پر بھی بات کی جس میں انہوں نے کہا 'میں نے کامیڈی شو اس لیے چھوڑا کیونکہ نہیں چاہتا تھا کہ لوگ سمجھیں میں صرف ایک کامیڈین ہوں'۔

علی اصغر نے کہا 'بالی وڈ انڈسٹری کے لیجنڈ اداکاروں نے بھی کامیڈی کی لیکن جب وہ سنجیدہ کردار کرتے ہیں تو عوام ان کے ساتھ روتی ہے اور ان کے کرداروں کو قبول کرتی ہے لیکن میرے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا'۔

انہوں نے کہا 'مجھے بھی اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملنا چاہیے لیکن اب کوئی موقع دینے کو تیار نہیں، کامیڈین کے طور پر میرا امیج اتنا مضبوط ہے کہ میں کسی سامان کی مانند ہوں،لوگ مجھے کسی اور کردار میں نہیں دیکھنا چاہتے'۔

بھارتی اداکار نے کہا 'مداح مجھے عورتوں کے لباس کے باہر دیکھ ہی نہیں پارہے، انہیں شک ہے کہ میں کوئی اور کردار نبھا بھی سکتا ہوں یا نہیں'۔

علی اصغر نے انٹرویو میں کہا 'ہم کیسے لوگوں کی ذہنیت بدلیں؟'

واضح رہے کہ کامیڈین سنیل گروور کے بعد 2017 میں علی اصغر نے بھی کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' کو خیرباد کہہ دیا تھا جس کے بعد یہ افواہیں زیر گردش رہیں کہ علی نے سنیل کی وجہ سے شو چھوڑا۔

مزید خبریں :