17 اگست ، 2022
اسلام آباد کے ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی حوالگی کی روبکار جاری کردی۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام روبکار جاری کیے اور حکم دیاکہ ملزم شہبازگل کو تفتیشی آفیسر طلعت محمود کے حوالے کیا جائے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس شہباز گل کو لینے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے جہاں انہیں 48 گھنٹے کا جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے خلاف نظر ثانی درخواست پر فیصلہ سنادیا اور پی ٹی آئی رہنما کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف شہبازگل کو جسمانی ریمانڈ پر دینے سے روکنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس جیل خانہ جات کو احکامات جاری کیے ہیں۔