18 اگست ، 2022
دنیا کے ایک شہر میں انسانوں کے ہی نہیں بلکہ مچھلیوں کے بھی کووڈ 19 ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔
چین کے ساحلی شہر شیامین میں ماہی گیروں کے ساتھ ساتھ ان کی شکار کی گئی مچھلیوں کے بھی کووڈ ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
اس شہر کی انتظامیہ وائرس کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اسی مقصد کے لیے تمام ماہی گیروں اور ان کی شکار کی گئی مچھلیوں کے روزانہ ٹیسٹ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق یہ ضروری ہے کہ ماہی گیروں اور ان کے 'سامان' کے کووڈ ٹیسٹ ہوں کیونکہ کچھ ماہی گیر غیر ملکی جہازوں سے رابطے میں رہتے ہیں جس کا نتیجہ کورونا وائرس کی 'درآمد' کی شکل میں نکلتا ہے۔
ٹی وی رپورٹس میں دکھایا گیا کہ حکام کس طرح مچھلیوں اور کیکڑوں کے کووڈ ٹیسٹ کر رہے ہیں۔
اب تک سمندری جانداروں میں وائرس کو دریافت نہیں کیا جاسکا۔
یہ حکم جولائی کے آخر میں جاری کیا گیا تھا مگر اب چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر وائرل ہوا ہے۔
اس سائٹ پر اس حوالے سے ہیش ٹیگ کو 12 کروڑ بار پڑھا جاچکا ہے اور ہزاروں افراد نے اس پر بات کی ہے۔
خیال رہے کہ چین میں زیرو کووڈ پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ایک یا چند کیسز پر بھی سخت اقدامات کیے جاتے ہیں۔
جیسے پورے شہر میں لاک ڈائون، سفری پابندیاں اور ہر فرد کی کووڈ ٹیسٹنگ وغیرہ۔