18 اگست ، 2022
سرگودھا میں مبینہ طورپر غربت اور بیروزگاری سے تنگ نوجوان نے آٹا چوری کرلیا جس پر اہل محلہ نے اس پر بہیمانہ تشدد کیا۔
تحصیل بھیرہ کےنواحی گاؤں خان محمد والا میں مبینہ طورپر 10کلو آٹےکا تھیلا چوری کرنے پر اہل محلہ نے نوجوان پر تشدد کیا، اس کے سرکے بال،مونچھیں اور بھنویں مونڈ ڈالیں اور منہ کالا کرکے گاؤں کا چکر لگوایا۔
ملزمان نے نوجوان پرتشددکی ویڈیو سوشل میڈیا پربھی وائرل کر دی۔
بھیرہ پولیس کے ایس ایچ او سید فواد شیرازی کا کہنا تھا کہ واقعےکی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کی بنیاد پر تحقیقات کر رہےہیں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہر شہری کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائےگا۔