Time 19 اگست ، 2022
پاکستان

خیبر پختونخوا میں اسکولز کھل گئے تاہم کئی اسکولز کو سرکاری درسی کُتب نہ مل سکیں

مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں اب بھی 4 لاکھ سے زیادہ کتابوں کی کمی ہے— فوٹو: فائل
مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں اب بھی 4 لاکھ سے زیادہ کتابوں کی کمی ہے— فوٹو: فائل

پشاور میں اسکولز کھل گئے ہیں تاہم کئی اسکولز کو سرکاری درسی کُتب نہ مل سکیں۔

مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں اب بھی 4 لاکھ سے زیادہ کتابوں کی کمی ہے، ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق صوبے بھر میں ساڑھے چار کروڑ کتابوں کی سرکاری ڈیمانڈ تھی جن میں سے تین کروڑ 65 لاکھ کتابیں فراہم کرچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولز تو کھل گئے تاہم حکومت اب تک تمام بچوں کو مفت سرکاری کتب فراہم نہیں کرسکی۔

پشاور کے مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولز کو 4 لاکھ سے زیادہ کتابیں مہیا نہیں کی گئی ہیں۔ شہر کے مختلف تعلیمی اداروں میں مڈل اور میٹرک کے طلبہ کو ریاضی، سائنس، پشتو، ہسٹری ،اردو جبکہ ہائیر سیکنڈری کے طلبہ کو فزکس، میتھس،کیمسٹری اور  ریاضی کی کتابیں فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین ارشد آفریدی نے جیونیوز کو بتایا کہ صوبے میں 80 فیصد طلبہ کو مفت درسی کتب فراہم کردی گئی ہیں،  ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کتابوں کی چھپائی جاری ہے، 27 اگست تک صوبے بھر کے طلبہ کو کتابیں دے دی جائیں گی۔

مزید خبریں :