20 اگست ، 2022
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے۔
صورتحال ائیر ٹریفک کنٹرول کی غفلت کی وجہ سے پیش آئی یا قومی پائلٹ کی غلطی تھی اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ائیر سیال کی کراچی سے اسلام آباد کیلئے پرواز پی ایف 123 نے ہفتے کی دوپہر ایک بجے روانہ ہونا تھا۔
ائیربس اے 320 طیارے نے ٹیک آف کیلئے رن وے 7 آر سے 1:14 بجے پوزیشن لی۔
ائیرپورٹ ریکارڈ کے مطابق یہ پرواز 1:15 بجے ٹیک آف کر گئی تاہم خوفناک بات یہ کہ عین اسی وقت پشاور سے قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 351 اسی رن وے 7 آر پر لینڈنگ کیلئے فائنل اپروچ پر تھی اور جب ائیر سیال کی فلائٹ نے ٹیک آف کیلئے دوڑنا شروع کیا تو پی آئی اے کا طیارہ اسی رن وے سے محض ایک کلومیٹر دور تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جس وقت ائیر سیال کا طیارہ ٹیک آف کر رہا تھا عین اسی وقت پی آئی اے کا طیارہ اسی رن وے کو ٹچ کرچکا تھا۔
ایک ذرائع کے مطابق ائیر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے مبینہ طور پر قومی ائیر لائن کے پائلٹ کو ’گو اراؤنڈ‘ کا کہا گیا مگر مبینہ طور پر غفلت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کراچی ائیرپورٹ پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔