Time 21 اگست ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

مارک زکربرگ کی '10 ارب ڈالرز' کی سیلفی مذاق کا ہدف کیوں بن گئی؟

مارک زکربرگ کی سیلفی / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ فیس بک پوسٹ
مارک زکربرگ کی سیلفی / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ فیس بک پوسٹ

میٹا (فیس بک کمپنی کا نیا نام) نے حال ہی میں ہورائزن ورلڈز نامی گیم کو میٹاورس پلیٹ فارم سے مزید 2 ممالک میں متعارف کرایا۔

برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے بعد فرانس اور اسپین میں اس گیم کو متعارف کرانے کا اعلان مارک زکربرگ نے اپنی ایک ڈیجیٹل اواتار کی سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے کیا۔

یہ سیلفی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی اور میٹا کے نئے پلیٹ فارم کی بجائے بیشتر افراد کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ کی میٹاورس سیلفی پر بات کرتے رہے۔

اس سیلفی میں مارک زکربرگ کا ڈیجیٹل اواتار پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے کھڑا ہے۔

مگر سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ایک کمپنی جس نے میٹا ورس کے لیے اپنا نام میٹا رکھ دیا، یہ تصویر مذاق لگتی ہے۔

کچھ افراد نے کہا کہ مارک زکربرگ کی سیلفی مستقبل کے میٹاورس کی تشکیل میں میٹا کی ناکامی کی علامت ہے حالانکہ گزشتہ سال کمپنی نے اس مقصد کے لیے 10 ارب ڈالرز خرچ کیے۔

بیشتر افراد نے اس ڈیزائن کا موازنہ 1990 کی دہائی کے گرافکس سے کرتے ہوئے کہا کہ سیلفی میں مارک زکربرگ کا انداز بچگانہ ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ مارک زکربرگ نے اس تنقید اور میمز کو دیکھ لیا تھا اور اسی وجہ سے اہم اپ ڈیٹس بشمول نئے اواتار گرافکس کو جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا۔

فیس بک اور انسٹاگرام پر مارک زکربرگ نے زیادہ بہتر اواتار کی تصویر بھی پوسٹ کی۔

انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ'میں جانتا ہوں کہ حال ہی میں جو تصویر میں نے پوسٹ کی وہ بہت سادہ تھی، وہ ایک لانچ کے لیے جلد بازی میں لی گئی تھی'۔

انہوں نے کہا کہ ہورائزن ورلڈ کے گرافکس بہت کچھ کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں اور ان کو بہت تیزی سے بہتر کیا جائے گا۔

ہورائزن ورلڈ گیم ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹس پر کھیلی جاسکتی ہے جو اس وقت 5 ممالک میں دستیاب ہے۔

مزید خبریں :