Time 22 اگست ، 2022
پاکستان

خاتون جج کو دھمکانے پر عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ، لارجر بینچ تشکیل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے  خاتون سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکانے کے معاملےکا نوٹس لے لیا ہے۔

عدالت نے  رجسٹرار کے نوٹ پر معاملےکا نوٹس لیا ہے اور اس کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، ہائی کورٹ کے تمام ججز نے مشاورت کے بعد عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

 اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جلد شوکاز نوٹس جاری ہونےکا امکان ہے۔

 لارجربینچ میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی آج سماعت کرے گا۔

خیال رہےکہ 20  اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کیا تھا اور دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو نام لےکر دھمکی بھی دی تھی۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد ہم تم کو نہیں چھوڑیں گے، تم پر کیس کریں گے اور مجسٹریٹ زیبا چوہدری آپ کو بھی ہم نے نہیں چھوڑنا، کیس کرنا ہے تم پر بھی، مجسٹریٹ کو پتہ تھا کہ شہباز پر تشدد ہوا پھر بھی ریمانڈ دے دیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے  قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا جب کہ پیمرا نے عمران خان کے براہ راست خطاب کر پابندی لگا دی تھی۔

گزشتہ روز عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران و عدلیہ کودھمکی دینے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

مزید خبریں :