22 اگست ، 2022
اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ لاجز پہنچی، اس موقع پر ان کے ہمراہ شہباز گل بھی موجود تھے، انہیں ہتھکڑیوں میں لایا گیا تھا، شہباز گل پارلیمنٹ لاجز میں کمرہ نمبر ایف 206 میں رہائش پذیر تھے۔
شہباز گل کی نشاندہی پر پولیس ان کے کمرے میں گئی اور وہاں کی تلاشی لی اس دوران وہاں سے متعدد چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔
کمرے سے برآمد ہونے والی چیزوں میں ایک لوڈِڈ ریوالور بھی شامل ہے جس کے متعلق شہباز گل کا کہنا تھا کہ انہیں اس کے متعلق علم نہیں اور انہوں نے یہ ریوالور کبھی نہیں دیکھا، ان کے پاس اے کے 47 رائفل ہے، جس کا لائسنس ہے۔
اس کے علاوہ شہباز گل کےکمرے سے موبائل فونز اور ایک سیٹلائٹ فون بھی برآمد ہوا ہے، یو ایس بیز وغیرہ بھی ملی ہیں۔ کمرے سے شہباز گل کا پرس بھی ملا جس میں 2 شناختی کارڈ سمیت مختلف کارڈ برآمد ہوئے، 2 پاسپورٹس بھی ملے،کمرے میں موجود الماری مہنگےکپڑوں سے بھری ہوئی تھی۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پرس تو گاڑی میں چھوڑ دیا تھا لیکن یہاں کیسے آیا انہیں علم نہیں، پرس ڈرائیور کے پاس ہوتا تھا، جس کمرے سے اسلحہ ملا وہ گارڈ کے زیر استعمال رہتا تھا شاید یہ اس کا ہو، میرے کمرے میں چیزیں تبدیل تھیں اس کا مطلب ہے کوئی آیا تھا۔
اس دوران وہ صحافیوں کے سوالات کا جواب بھی دیتے رہے، جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نےکہا کہ جی ہاں میرا جنسی استحصال ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے شہبازگل کا نجی ٹی وی پر پڑھا گیا اسکرپٹ برآمد کرنا تھا، اب پولیس شہبازگل کو لےکر پنجاب ہاؤس جارہی ہے جہاں ان کے زیر استعمال کمرے کی بھی تلاشی لی جائے گی۔