23 اگست ، 2022
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا پاکستانی قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے، نہ پہلے دباؤ میں آیا تھا نہ اب دباؤ میں آؤں گا۔
عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ کی حکمت عملی، جلسوں سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کوضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالےسےامور پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف نے جلد الیکشن کروانے کیلئے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا جبکہ پارٹی قیادت نے بھی کسی طرح کا دباؤ قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے اور وہ شیڈول کے مطابق جلسے کریں گے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ دنیا نے دیکھ لیا پاکستانی قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے، نہ پہلے دباؤ میں آیا تھا نہ اب دباؤ میں آؤں گا اور ملک کا نظام بہتر کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔