23 اگست ، 2022
پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے قبل پاک ۔ بھارت مقابلوں پر تجزیہ کیا ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی جیت کے بعد پاکستان کو بھارت کیخلاف اعتماد آگیا ہے، پاکستان کو اعتماد ہے کہ بھارت کو کبھی بھی ہرایا جاسکتا ہے، ورلڈ کپ کی جیت کے بعد پاک بھارت مقابلوں کا جوش پھر زندہ ہوگیا ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم گزشتہ دو سال میں کافی بہتر ہوگئی ہے، پاکستان ٹیم میں پریشانی کی بات صرف اس کا مڈل آرڈر ہے، افتخار احمد کے سوا مڈل آرڈر میں کوئی بھی تجربہ کار پلیئر نہیں ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں بابر اور رضوان کافی اہم کردار ادا کریں گے، انڈیا پاکستان مقابلہ دونوں ٹیموں کیلئے کافی اہم ہوگا، ویرات اور بابر اعظم کا موازنہ کیا جانا فطری عمل ہے، ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ہمارے وقت میں لوگ سچن اور انضمام جبکہ اس سے پہلے گواسکر اور میانداد کی بات کرتے تھے۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ میں شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم ایمسٹرڈیم سے دبئی پہنچ گئی ہے جہاں کل سے ٹریننگ سیشنز کا آغاز کرے گی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔