23 اگست ، 2022
کامن ویلتھ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں ریکارڈز کے ساتھ گولڈ میڈلز جیتنے والے اولمپیئن جویلین تھرور ارشد ندیم نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایتھلیٹکس کے لیے مخصوص گراؤ نڈ مہیا کرے، جم کی سہولت ہو تاکہ بیرون ملک ٹریننگ کے لیے نہ جانا پڑے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں اولمپیئن ارشد ندیم نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی گیمز میں ریکارڈز کے ساتھ گولڈ میڈلز جیتنا میرے کیریئر کی بہت بڑی کامیابی ہے ،اس کے لیے میں نے بہت محنت کی اور اب میں نے اس محنت کو جاری رکھنا ہے کیونکہ اب میرا ہدف ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا ہے،مجھے یقین ہے کہ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کر سکتا ہوں۔
ارشد ندیم نے کہا کہ ہمارے پاس سہولیات نہیں ہیں، ہمیں ٹریننگ کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا ہے ۔ میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہمیں ایتھلیٹکس کے لیے مخصوص اسٹیڈیم بنا کر دے ۔ ہمارے پاس جم کی سہولت نہیں، ہمارے پاس انٹر نیشنل معیار کے جویلین نہیں، ہمیں یہ سب مہیا کیا جائے تا کہ ہمیں ایشین گیمز ، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ اور اولمپکس کے لیے تیاری کا موقع مل سکے۔
اولمپیئن ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میرا ایک دو مرتبہ نہیں اب تک دس بارہ مرتبہ ڈوپ ٹیسٹ ہو چکا ہے اور ہمیشہ کلیئر ہوا ہوں اور آئندہ بھی کلیئر ہوں گا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ ایونٹس پر میرے ساتھ کوچ نہیں تھے اگر کوچ ہوتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔