24 اگست ، 2022
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت ہونے پر دوبارہ دلائل طلب کرلیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی ہےکہ آئندہ سماعت پر درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں۔
عدالت کا کہنا ہےکہ ایک رکن قومی اسمبلی کی نا اہلی سے متعلق درخواست قابل سماعت ہونےکا بنیادی سوال ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں آئندہ سماعت پردرخواست گزار عدالت کی معاونت کریں۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ درخواست گزار کے مطابق عمران خان نےکاغذات نامزدگی اور بیان حلفی میں بیٹی کی معلومات چھپائیں، درخواست گزار کے مطابق عمران خان کی بیٹی برطانیہ میں رہائش پذیر ہے۔
خیال رہےکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر 22 اگست کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت عالیہ کے استفسار پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہری محمد ساجدکے وکیل نے کہا تھا کہ عمران خان نے بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔