Time 27 اگست ، 2022
کھیل

پاکستان کی قومی ویمن فٹبال ٹیم کیلئے منتخب ہونے پر فخر ہے: نادیہ خان

اس بات کیلئے شدت سے منتظر ہوں کہ نیپال جاکر اپنی ٹیم کو جوائن کروں: نادیہ خان — فوٹو: جیو نیوز
اس بات کیلئے شدت سے منتظر ہوں کہ نیپال جاکر اپنی ٹیم کو جوائن کروں: نادیہ خان — فوٹو: جیو نیوز

پاکستانی نژاد برطانوی فٹبالر نادیہ خان کہتی ہیں کہ پاکستان کی قومی ویمن فٹبال ٹیم کیلئے منتخب ہونے پر فخر ہے اور وہ میدان میں ساتھی کھلاڑیوں کو جوائن کرنے کیلئے تیار ہیں۔

آئندہ ماہ ساف چیمپیئن شپ کیلئے پاکستان ویمن ٹیم میں منتخب ہونیوالی 21 سالہ   نادیہ خان نے جیو نیوز کو دیے اپنے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ وہ اس بات کی شدت سے منتظر ہیں کہ نیپال جاکر اپنی ٹیم کو جوائن کریں۔

نادیہ خان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل فٹبال کھیلنا ایک نیا تجربہ ہوگا، وہ اس پر خوش بھی ہیں، پرجوش بھی ہیں اور فخر بھی محسوس کررہی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے بعد برطانیہ میں مقیم دیگر جنوبی ایشین خواتین کیلئے بھی مثال قائم ہوگی اور وہ بھی کھیلوں کی جانب آئیں گی۔

میرے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے بعد برطانیہ میں مقیم دیگر جنوبی ایشین خواتین کیلئے بھی مثال قائم ہوگی اور وہ بھی کھیلوں کی جانب آئیں گی: نادیہ خان — فوٹو: فائل
میرے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے بعد برطانیہ میں مقیم دیگر جنوبی ایشین خواتین کیلئے بھی مثال قائم ہوگی اور وہ بھی کھیلوں کی جانب آئیں گی: نادیہ خان — فوٹو: فائل

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فٹبال میں ان کے عزائم ہمیشہ سے ہی کافی بلند رہے ہیں اور انہیں اس بات کی امید ہے کہ وہ مستقبل میں ضرور برطانیہ میں ویمن فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ ویمن سپر لیگ میں کسی ٹیم کی نمائندگی کریں گی۔

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں ان کے کیریئر میں فیملی کی بہت سپورٹ رہی ہے اور فیملی کی اس سپورٹ نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ ان کا شوق بھی بڑھایا ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ والد پریکٹس سیشن پر لے جایا کرتے، والدہ میچز پر ساتھ چلتیں جس سے حوصلہ افزائی ہوتی تھی۔

کیریئر میں فیملی کی بہت سپورٹ رہی ہے، والد پریکٹس سیشن پر لے جایا کرتے، والدہ میچز پر ساتھ چلتیں جس سے حوصلہ افزائی ہوتی تھی۔ نادیہ خان — فوٹو: فائل
کیریئر میں فیملی کی بہت سپورٹ رہی ہے، والد پریکٹس سیشن پر لے جایا کرتے، والدہ میچز پر ساتھ چلتیں جس سے حوصلہ افزائی ہوتی تھی۔ نادیہ خان — فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے چھ ستمبر سے نیپال میں شروع ہونیوالی ساف چیمپیئن شپ کیلئے نادیہ خان کو پاکستان کے 23 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا تھا، نادیہ خان برطانیہ سے براہ راست نیپال روانہ ہوں گی جہاں وہ کھٹمنڈو میں پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیں گی۔

21 سالہ نادیہ خان لیڈز میں رہتی ہیں اور وہ ’’ڈان کاسٹر روورز‘‘ کی جانب سے پروفیشنل فٹبال کھیلتی ہیں، انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز لیڈز میں گراس روٹ لیول سے کیا اور 2017 میں ڈان کاسٹرز کے ڈولپمنٹ اسکواڈ اور اگلے ہی برس اس کی فرسٹ ٹیم  کو جوائن کرلیا۔

مزید خبریں :