29 اگست ، 2022
اسلام آباد: فلڈ کمیشن نے حالیہ سیلاب کو 2010 کے مقابلے میں زیادہ سنگین قرار دے دیا۔
وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت سیلابی صورتحال پراجلاس ہوا جس میں این ڈی ایم اے اور فلڈ کمیشن کی جانب سے امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
فلڈ کمیشن نے بریفنگ کے دوران کہا کہ حالیہ سیلاب 2010کے مقابلے میں زیادہ سنگین ہے۔
دوران اجلاس وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بارشوں کی پیشگوئی، تباہ کاریوں کا صحیح اندازہ قیمتی جانیں بچانے میں معاون ہوگا، ادارے اپنی تعلقات عامہ کے ڈپارٹمنٹس کو فعال کریں ، فیک خبروں اور افراتفری پھیلانے والی من گھڑت رپورٹس کاسدباب یقینی بنائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد ملیریا، ہیضہ، ہیپاٹائٹس اور ڈینگی کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے۔
احسن اقبال نے متاثرہ ریلوے ٹریکس کی بحالی یقینی بنانے اور موبائل کمپنیوں کو متاثرہ علاقوں میں سروسز کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔