30 اگست ، 2022
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بدترین سیلاب سے متاثرہ پاکستان کیلئے 16 کروڑ ڈالرز کی ہنگامی امداد کی عالمی اپیل جاری کر دی۔
سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے ہاتھوں کرہ ارض کی تباہی کی جانب نیند میں چلنا بند کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ آج پاکستان ہے تو کل ایسا کسی اور ملک کے ساتھ ہو سکتا ہے اور پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے سب سے زیادہ دوچار ممالک میں ہوتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کیلئے مختلف ممالک سے مالی اور دیگر امداد کا سلسلہ شروع ہوگیا اور امریکا نے 3 کروڑ ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا ہے جو یو ایس ایڈ کے تحت فراہم کی جائے گی۔
آسٹریلیا نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما متاثرین کی مدد کیلئے عالمی خوراک پروگرام کے ذریعے 2 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جرمنی پاکستان کے 60 ہزار سیلاب متاثرین کیلئے کھانے پینے کی اشیا اور حفظان صحت کی کٹس فراہم کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے 3 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد میں جرمنی کا سب سے بڑا حصہ ہے جبکہ اسپین بھی اقوام متحدہ کی اپیل پر پاکستان فلڈ ریسپانس پلان کی مدد کیلئے 3 لاکھ یورو دے گا۔
کینیڈا نے 50 لاکھ ڈالرز، برطانیہ نے 15 لاکھ پاؤنڈ اور آذربائیجان نے 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ امدادی سامان سے لیس ترکیہ سے 7 طیارے، متحدہ عرب امارات سے 3 اور چین سے 2 طیارے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
جاپان کی حکومت جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے ذریعے خیمے اور پلاسٹک کی چادریں فراہم کرے گی جبکہ بنگلا دیش نے بھی امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔