31 اگست ، 2022
دادو میں موجود سیلابی پانی نے جوہی شہر کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے اور تحصیل جوہی کا 70 فیصد حصہ زیر آب آگیا ہے۔
جوہی کا ضلعی ہیڈ کوارٹر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کے بعد شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جوہی شہر کی آخری ڈیفنس لائن رنگ بند کی مضبوطی کا کام شروع کر دیا ہے۔
خیرپور ناتھن شاہ سے میہڑ تک این 55 انڈس ہائی وے بھی زیر آب آگئی ہے جس کے بعد اسے میہڑ سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دریائے سندھ میں بھی سیلابی پانی سے کچے کے 300 سے زائد دیہات متاثر ہیں، سیم نالوں میں مزید پانچ شگاف پڑ گئے جس کے بعد شگاف کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
دریائے سندھ کےعاقل آگانی لوپ بند پر سیلابی ریلے میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کاخدشہ ہے جس کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔