31 اگست ، 2022
جاپان نے 4 سال تک کے بچوں کے لیے ملازمت کا اعلان کیا ہے جس میں ان کی تنخواہ انتہائی دلچسپ رکھی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں کیٹاکیوشو نرسنگ ہوم نے ملازمت کا اشتہار دیا جس کے تحت وہ بچے اپلائی کرسکیں گے جن کی عمر 4 سال تک ہے۔
اس نوکری کے ضابطہ اخلاق کے مطابق جاب سے قبل بچوں کے والدین کو نرسنگ ہوم کے ساتھ ایک معاہدہ طے کرنا ہوگا جس میں کہا گیا ہےکہ بچوں سے والدین کسی قسم کی زبردستی نہیں کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچے جب چاہیں نوکری پر آسکتے ہیں اور جب چاہیں واپس گھر بھی جاسکیں گے، انہیں کسی قسم کی روک ٹوک کا سامنا نہیں ہوگا، اس کے علاوہ نیند، بھوک اور کسی بھی دوسری وجہ سے بریک یا چھٹی لینے کی اجازت ہوگی۔
بچوں کی تنخواہ کیا ہوگی؟
آپ کو ان ننھے فرشتوں کی تنخواہ جان کر انتہائی حیرت ہوگی، بچوں کو ڈائپرز اور دودھ فراہم کیا جائے گا جو ان کی تنخواہ ہوگی۔
انہیں کام کیا کرنا ہوگا؟
اب دلچسپ سوال یہ ہے کہ 4 سال کے بچے کیا ملازمت کریں گے؟ بچوں کو نرسنگ ہوم میں 100 سے زیادہ بزرگ افراد کو خوش رکھنے کی ڈیوٹی دی جائے گی، ان بزرگ افراد کی عمریں 80 سال یا اس سے زائد ہوں گی۔