01 ستمبر ، 2022
چائے کو پاکستان بھر میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور مانا جاتا ہے کہ یہ صحت کے لیے اچھا مشروب ہے۔
مگر یہ کس حد تک بہتر ہے ؟ اس کا جواب برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں دیا گیا۔
جرنل اینالز آف انٹرنل میڈیسین میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ بغیر دودھ کی چائے یا سیاہ چائے پینے کی عادت کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ کم کرتی ہے۔
اس تحقیق میں 5 لاکھ کے قریب افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو یوکے بائیو بینک سے حاصل کیا گیا تھا۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ ان میں سے کتنے افراد سیاہ چائے پینے کے عادی تھے اور نتائج سے عندیہ ملا کہ اس مشروب کو پینے سے کسی بھی بیماری سے موت کا خطرہ معتدل حد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے دوران ان افراد کا 11 سال تک جائزہ لینے پر ثابت ہوا کہ دن بھر میں کم از کم 2 کپ چائے پینے سے کسی بھی بیماری سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے پینے کی عادت سے امراض قلب اور فالج سے موت کے خطرے میں کمی آتی ہے، مگر کینسر یا نظام تنفس کے امراض کے حوالے سے واضح جواب نہیں مل سکا، مگر فائدہ ضرور ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق ویسے تو دودھ والی چائے سے بھی فائدہ ہوتا ہے مگر وہ سیاہ چائے جتنا زیادہ نہیں ہوتا۔