01 ستمبر ، 2022
سیلاب کے باعث سندھ میں مزید 15 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ نوابشاہ میں نالے کا کٹ بند کرنے پر مقامی افراد کے حملے سے اسسٹنٹ کمشنر کی سکیورٹی پر مامور اہلکار کلہاڑی کے وار سے جاں بحق ہو گیا۔
نوابشاہ میں علی رضا موری سیم نالےکا کٹ بند کرنے پر مقامی افراد کا ریونیو اہلکاروں پر حملہ ہوا جس سے اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد کی سکیورٹی پر مامور اہلکار کلہاڑی کے وار سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نےعلی رضا موری سیم نالےمیں غیر قانونی کٹ لگایا تھا۔
دوسری جانب سیلابی ریلا دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ میں داخل ہوگیا جس کے باعث بائی پاس روڈ کے نشیبی علاقےمیں 10 فٹ اور شہر میں 2 سے 5 فٹ تک پانی جمع ہے۔ نوابشاہ سکرنڈ روڈ پر برساتی اور سیم نالوں کے شگاف سے پورا علاقہ ڈوب گیا۔
ادھر ٹنڈو آدم میں سوئی نہر میں شگاف پڑنے سے پانی شہر کی جانب بڑھنے لگا، ضلع شکارپور کے بھی کئی گاؤں اب تک حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔