02 ستمبر ، 2022
لاہور: پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور لیگی رہنما عطا تارڑ کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی گئی۔
لاہور کی سیشن عدالت نے پولیس کو 14 ستمبر تک عطاتارڑ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں عطا تارڑ کو پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عطا تارڑ اور رانا مشہود سمیت 12 لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے جس کے خلاف عطاتارڑ نے سیشن کورٹ لاہور میں عبوری ضمانت کی درخواست دائرکی تھی۔
درخواست میں عطا تارڑ نے مؤقف اپنایا تھا کہ پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی اور اقدام قتل کے الزام سے کوئی تعلق نہیں، پولیس نے سیاسی بنیاد پر مقدمے میں نامزد کیا ہے۔
دائر درخواست میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مجھ پر اسمبلی اہلکار کی وردی پھاڑنے اور حملہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہےکہ میں اس جرم میں شریک نہیں ہوں۔