کھیل
Time 04 ستمبر ، 2022

بابر ایک عام سے باپ کا عام سا بیٹا ہے: والد کپتان قومی کرکٹ ٹیم

انسٹاگرام پر بابر اعظم کے والد نے چند بچوں کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی/فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
انسٹاگرام پر بابر اعظم کے والد نے چند بچوں کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی/فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

پاکستان قومی ٹیم کے کپتان بابر  اعظم کے والد اعظم صدیقی کا کہنا ہے کہ بابر  ایک عام سے باپ کا عام سا بیٹا ہے جب چاہو آکر مل لو۔

انسٹاگرام پر بابر اعظم کے والد نے چند بچوں کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی۔

بابر اعظم کے والد نے اس تصویر کے ساتھ لکھے کیپشن میں  بتایا کہ تصویر لینے کی درخواست بھی میری خود کی تھی، اعظم صدیقی کی پوسٹ کے مطابق’میں نے خود ان بچوں سے درخواست کی کہ میرے ساتھ تصویر بنوائیں کیونکہ خدا شاہد ہے کہ ان تمام بچوں نے پورے میچ میں پاکستان زندہ باد کے نعرے ایک لمحے کے لیے بھی کم نہیں ہونے دیے، ان بچوں نے قومی نغمہ ’دل دل پاکستان‘ اتنی زور سے گایا کہ سب کے گلے بیٹھ گئے اور وطن سے تجدیدِ وفا کا یہ نظارہ دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا کہ ہمارے بچوں کا خون وطن کی محبت بن کر  رگوں میں دوڑ رہا ہے‘۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اعظم صدیقی کی اس پوسٹ پر قاسم علی نامی بابر کے مداح نے درخواست کی انکل جی، میں بابر کا بہت بڑا فین ہوں، میری بائیک کی نمبر پلیٹ 56 ہے، یہاں تک کہ میری شرٹس پر بھی نمبر 56 پرنٹ ہے، بس ایک بار بابر سے ملنا چاہتا ہوں، براہِ کرم آپ کچھ مدد کر دیں۔

جس پر بابر اعظم کے والد نے مداح کو جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بابر اگر پاکستان میں ہو تو جب چاہو میرے گھر آ کر اس سے مل لو، بابر ایک عام سے باپ کا عام سا بیٹا ہے۔