Time 04 ستمبر ، 2022
صحت و سائنس

وہ عام غذا جو کینسر اور امراض قلب کا شکار بنادے

یہ انتباہ 2 نئی طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آیا/ فائل فوٹو
یہ انتباہ 2 نئی طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آیا/ فائل فوٹو

الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال آنتوں کے کینسر سمیت امراض قلب اور قبل از وقت موت کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ انتباہ 2 نئی طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آیا۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

ایک تحقیق امریکا میں ہوئی جس میں 2 لاکھ مردوں اور خواتین کی غذائی عادات کا جائزہ 28 سال تک لیا گیا اور دریافت ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں اور آنتوں کے کینسر کے درمیان تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر طرح کی الٹرا پراسیس غذائیں کینسر کا شکار بنانے میں کسی حد تک کردار ادا کرتی ہیں۔

امریکا کی ٹفٹس یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے دریافت کیا کہ زیادہ مقدار میں الٹرا پراسیس غذائیں کھانے والے مردوں میں کینسر کا خطرہ 29 فیصد بڑھ جاتا ہے۔

البتہ خواتین میں یہ خطرہ دریافت نہیں ہوسکا جس کی وضاحت محققین نہیں کرسکے۔

دوسری تحقیق میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے افراد کی غذائی عادات کا تجزیہ 12 سال تک کیا گیا۔

برٹش میڈیکل جرنل میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے جلد موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ امراض قلب اور جلد موت کا خطرہ ان غذاؤں کو پراسیس کرنے کی وجہ سے بڑھتا ہے۔

اس سے قبل جولائی میں یورپین جرنل آف نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے بالخصوص درمیانی عمر کے افراد کے لیے۔

اس تحقیق میں 2700 سے زیادہ افراد کو شامل کرکے ان کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

نتائج سے عندیہ ملا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کم کرکے لوگ متاثرہ دماغی افعال کی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :